انڈونیشیا نے پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے اور مشترکہ دفاعی پیداوار کے منصوبوں پر کام تیز کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
یہ بات انڈونیشیا کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) شافری سیامسودین اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان اسلام آباد میں ملاقات کے دوران سامنے آئی۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت، معیشت، دفاع اور اسٹریٹجک شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق، انڈونیشین وزیر نے صدر پرابوو سبیانتو کی نیک خواہشات بھی وزیراعظم کو پہنچائیں اور پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے انڈونیشیا کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے قاہرہ میں حالیہ جی 8 اجلاس کے موقع پر انڈونیشین صدر سے ہونے والی ملاقات کا بھی حوالہ دیا۔
دونوں ممالک نے دفاعی تعاون کے معاہدے کے تحت جاری منصوبوں پر پیش رفت تیز کرنے اور نئے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
علاوہ ازیں، انڈونیشین وزیر دفاع نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور فوجی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل منیر نے خطے میں امن و استحکام کے لیے باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا، جبکہ انڈونیشین وزیر نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان آرمی کے کردار کو سراہا اور دفاعی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
