پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ہیپاٹائٹس کا عالمی دن منایا جا رہا ہے جس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ 2030 تک ایک کروڑ 65 لاکھ افراد کی سکریننگ ہوگی، مثبت کیسز کا حکومت کی جانب سے مفت علاج کیا جائے گا۔
ہیپاٹائٹس کے عالمی دن کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پیغامات جاری کیے گئے ہیں۔
صدر مملکت:
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہیپاٹائٹس صحت عامہ کا ایک سنگین مسئلہ ہے، ہیپاٹائٹس جیسے خطرناک مرض سے متعلق شعور اجاگر کیا جائے۔
اپنے پیغام میں آصف زرداری نے کہا ہے کہ لاکھوں افراد بروقت تشخیص نہ ہونے سے مرض کا شکار ہو رہے ہیں، ہیپاٹائٹس کو بجا طور پرخاموش قاتل کہا جاتا ہے۔
صدر مملکت کا کہنا ہے کہ ہیپاٹائٹس کا مرض ایسی سٹیج پر ظاہر ہوتا ہے جب جگر کو نقصان پہنچ چکا ہوتا ہے، اس بیماری کے خلاف منظم قومی حکمت عملی کی ضرورت ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بروقت سکریننگ اور علاج تک رسائی کو یقینی بنانا ہوگا، طبی طریقہ کار کے سخت ضوابط پر عملدرآمد لازمی ہے، عوامی شعور کو ہماری کوششوں کا مرکز ہونا چاہیے جس سے اس چیلنج پر قابو پا سکتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف:
وزیراعظم شہباز شریف نے ہیپاٹائٹس سے بچاؤ کے عالمی دن کے موقع پر کہا ہے کہ یہ مرض ایک عالمی چیلنچ بن چکا ہے، ہیپاٹائٹس کی شرح والے ممالک میں پاکستان بھی شامل ہے، بہت سے متاثرہ افراد تشخیص اور علاج کے بغیر رہ جاتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے لئے قومی پروگرام شروع کیا ہے، 2030 تک ایک کروڑ 65 لاکھ افراد کی سکریننگ ہوگی، مثبت کیسز کا حکومت کی جانب سے مفت علاج کیا جائے گا، آگاہی، بروقت تشخیص، علاج بیماری پر قابو پانے کا واحد راستہ ہے۔
