پاکستانی اداکارہ کومل عزیز خان نے انسٹاگرام پر جاری اپنے پیغام میں شوبز انڈسٹری کو مستقل طور پر چھوڑنے کے فیصلے کی تصدیق کر دی ہے۔
اداکارہ نے انکشاف کیا کہ وہ گزشتہ پانچ برس سے عملی طور پر اداکاری سے دور تھیں، تاہم اب انہوں نے باضابطہ طور پر شوبز انڈسٹری سے علیحدگی کا اعلان کیا ہے۔
کومل عزیز خان کے مطابق انہوں نے اپنے اس فیصلے کا اعلان مؤخر کیا تاکہ غیر ضروری توجہ سے بچ سکیں اور یہ جان سکیں کہ آیا وہ ایک کامیاب کاروبار قائم کرکے شوبز انڈسٹری سے دور رہ سکتی ہیں یا نہیں۔ اس عرصے کے دوران انہوں نے اپنے کاروبار کو وسعت دینے اور مالی خودمختاری حاصل کرنے پر توجہ مرکوز رکھی۔
اپنے پیغام میں اداکارہ نے گزشتہ پانچ برس کو خود شناسی، خود سے محبت اور ذاتی طور پر سنبھلنے کا سفر قرار دیا۔ ان کے مطابق شہرت کی چمک دمک سے دور رہنے نے انہیں اپنی ذات کو بہتر طور پر سمجھنے اور ذہنی سکون حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا۔
کومل عزیز خان نے اپنے مداحوں کی محبت اور حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے مستقبل اور کاروبار میں کامیابی و برکت کے لیے دعاؤں کی درخواست بھی کی۔
اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے ابھی شادی نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ زندگی کے اہم فیصلے اپنے مناسب وقت پر ہی ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ کومل عزیز خان آخری مرتبہ 2021 میں ڈرامہ سیریل ’’مہلت‘‘ میں نظر آئی تھیں۔ ان کے حالیہ اعلان کے بعد یہ واضح ہوگیا ہے کہ فی الحال ان کا اداکاری میں واپسی کا کوئی ارادہ نہیں اور وہ اپنی تمام تر توجہ کاروبار اور ذاتی زندگی پر مرکوز رکھنا چاہتی ہیں۔
