نومبر 10، 2025
ویب ڈیسک
لاہور: پنجاب کے مختلف شہروں میں فضائی آلودگی کا سلسلہ اتوار کو بھی جاری رہا، جبکہ صوبے کے صنعتی مرکز فیصل آباد نے خطرناک حد تک آلودہ فضا کے باعث سب سے خراب ہوا کا درجہ حاصل کیا۔
ماحولیاتی مانیٹرنگ ویب سائٹ کے مطابق فیصل آباد میں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 528 ریکارڈ کیا گیا جو "انتہائی خطرناک” سطح تصور کی جاتی ہے۔ ملتان کا ایئر انڈیکس 432، لاہور کا 358، گوجرانوالہ کا 357 اور بہاولپور کا 212 ریکارڈ ہوا۔
ماحولیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس حد تک بلند آلودگی سانس، دل اور آنکھوں کے امراض میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور پہلے سے بیمار افراد کے لیے یہ صورتحال نہایت خطرناک ہے۔
دھند اور اسموگ نے کئی علاقوں میں حدِ نگاہ متاثر کر دی ہے، جبکہ شہریوں کو غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز، ماسک کے استعمال اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ فیکٹریوں اور گاڑیوں سے خارج ہونے والے دھوئیں پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ فضا میں بہتری لائی جا سکے۔
