خیرپور میں چکن پاکس وبائی شکل اختیار کر گئی، جس کے باعث 100 سے زائد بچے متاثر،3 بچے جاں بحق ہو گئے، تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی قائم کر دی گئی۔
خیرپور کے مختلف علاقوں بشمول کنب، بوزدار وڈا اور گاڑہی پل میں چکن پاکس کے کیسز میں غیر معمولی اضافہ، اب تک 100 سے زائد بچے اس بیماری میں مبتلا ہو چکے ہیں۔
محکمہ صحت نے چکن پاکس سے ہونے والی مبینہ ہلاکتوں کے بعد فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے 3 بچوں کی ہلاکتوں کی تحقیقات کے لیے ایک انکوائری کمیٹی قائم کر دی ہے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر برکت علی نے ضلع بھر کے متعلقہ اسپتالوں میں ہنگامی بنیادوں پر آئیسولیشن وارڈ بنانے کی ہدایت جاری کر دی جبکہ متاثرہ علاقوں میں سینئر ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیمیں بھی روانہ کر دی گئی ہیں تاکہ فوری طبی امداد اور نگرانی فراہم کی جا سکے۔
ڈاکٹر برکت علی کا کہنا ہے کہ صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات بروقت اٹھائے جا رہے ہیں اور والدین سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ بچوں کو حفاظتی تدابیر سے آراستہ رکھیں۔
