وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان بھر سے وزیر اعلیٰ پنجاب چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت آنے والے 10 ہزار سے زائد بچوں کی مفت ہارٹ سرجری پر اظہار تشکر کیا ہے، پروگرام کے تحت آزاد جموں و کشمیر کے 250, فیڈرل کے 107, گلگت بلتستان کے 34, بلوچستان کے 28 اور سندھ کے 27 بچوں کی فری ہارٹ سرجری کی گئی جبکہ سب زیادہ خیبر پختونخوا کے 425 بچوں کی مفت ہارٹ سرجری ہوئی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت 10 ہزار سرجری مکمل ہونے پر منعقد کی گئی خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے چلڈرن ہسپتال کے نئے آئی سی یو کا بھی افتتاح کیا۔ تقریب کے دوران مریم نواز مریض بچوں کے درمیان بیٹھ گئیں اور ہارٹ سرجری کے مریض بچوں سے اظہار شفقت کیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ خواجہ سلمان رفیق نے وزیراعلیٰ کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام تحت اب تک 10331 بچوں کی سرجری ہوچکی ہے۔
وائس چانسلر مسعود صادق نے وزیر اعلیٰ پنجاب چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہر سال 50 ہزار بچے دل کی بیماری کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں 25 ہزار کو فوری سرجری کی ضرورت ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نےچلڈرن ہسپتال لاہور میں کارڈیک سرجن کی تعداد 12، کارڈیک فزیشن 34 تک بڑھا دی۔ وزیراعلیٰ ٹرانسپلانٹ کارڈ سے 800 کوکلیر ٹرانسپلانٹ اور 200 بچوں کے بون میرو ٹرانسپلانٹ ہوچکے ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کو چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام پر خصوصی معلوماتی فلم بھی دکھائی گئی۔
