سیلاب زدہ علاقوں میں ملیریا اور ڈینگی وائرس پھیلنے کے خدشات کے پیش نظر خیبرپختونخوا حکومت کو مچھر دانیاں اور ملیریا کی ادویات فراہم کر دی گئیں۔
ذرائع قومی ادارہ صحت کے مطابق این ڈی ایم اے کے ذریعے کے پی کو ملیریا اور ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مچھر دانیاں اور ملیریا ادویات بھجوائی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرہ بونیر، شانگلہ کے لیے 10 ہزار مچھر دانیاں بھجوائی گئیں، قومی ادارہ صحت نے بونیر کے لیے موبائل ٹیسٹنگ لیبارٹری بھی بھجوائی ہے، کے پی، گلگت بلتستان کے لیے 3140 کلو سرجیکل آلات، 350 کلو ادویات بھجوائی گئی ہیں۔
قومی ادارہ صحت نے کے پی، جی بی، آزاد کشمیر کے لیے ڈاکٹرز کی ٹیمیں بھی بھیجی ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے مچھر دانیوں اور ادویات کے لیے تاحال درخواست نہیں کی، جب کہ سندھ، بلوچستان حکومت کے پاس مچھر دانیوں اور ادویات کا اسٹاک موجود ہے۔
تاہم ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سندھ اور بلوچستان حکومت کو حسب ضرورت مچھر دانیاں اور ادویات فراہم ہوں گی، وفاق کے پاس مچھردانیوں اور ادویات کا وافر ذخیرہ موجود ہے۔
