دسمبر 14، 2025
ویب ڈیسک
تنظیم المدارس اہلِ سنت کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں آئندہ پانچ سال کے لیے نئی مرکزی قیادت کا انتخاب کیا گیا۔ اجلاس میں مفتی منیب الرحمن کو متفقہ طور پر تنظیم المدارس کا مرکزی صدر منتخب کر لیا گیا۔
اسی اجلاس میں علامہ عبدالمصطفیٰ بزدار کو مرکزی ناظمِ اعلیٰ جبکہ مفتی ارشد سعید کاظمی اور محمد عثمان قادری کو نائب ناظم مقرر کیا گیا۔ قیادت کے اس انتخاب کو تنظیم کے لیے ایک اہم مرحلہ قرار دیا جا رہا ہے۔
شوریٰ کے ارکان نے اس موقع پر امید ظاہر کی کہ نئی قیادت مدارس کے تعلیمی اور انتظامی نظام میں بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کرے گی اور اصلاحاتی ایجنڈے کو آگے بڑھائے گی۔
اجلاس میں امتحانی بورڈ کے چیئرمین علامہ حافظ عبد الستار سعیدی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں آئندہ مدت کے لیے ذمہ داریاں سونپنے کا اعلان کیا گیا، جبکہ امتحانی نظام میں شفافیت اور جدید طریقۂ کار کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔
