نیویارک یونیورسٹی لینگون ہیلتھ کے سائنسدانوں نے شوگر کے سنگین اثرات کو کم کرنے کے لیے ایک نئی دوا دریافت کی ہے، جو لاکھوں مریضوں کے لیے امید کی کرن ثابت ہو سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، اس دوا کا نام "ریج فور زیڈ زیرو چھے آر” (RAGE406R) رکھا گیا ہے، اور چوہوں پر کی گئی تجرباتی تحقیق میں یہ دوا سوزش کو کم کرنے، خلیاتی نقصان کو محدود کرنے، اور دل و گردوں کی بہتر بحالی میں مؤثر ثابت ہوئی، اس دوا نے شوگر کے مریضوں میں زخموں کے بھرنے کے عمل کو تیز بھی کیا، جو ایک اہم مسئلہ ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دوا دیگر شوگر کی ادویات سے مختلف طریقے سے کام کرتی ہے، یہ خون میں شکر کی سطح کو کم کرنے کے بجائے خلیات کے اندر ہونے والے نقصان کو روکتی ہے۔
یہ دو نقصان دہ پروٹینز، "ریج” اور "ڈی آئی اے پی ایچ ون”، کے باہمی تعامل کو روک کر کام کرتی ہے، جس سے ایڈوانسڈ گلائیکیشن اینڈ پروڈکٹس (AGEs) کے مضر اثرات کم ہوتے ہیں۔
ایڈوانسڈ گلائیکیشن اینڈ پروڈکٹس وہ اجزاء ہیں جو شوگر کے پروٹین یا چکنائی کے ساتھ جڑ کر بنتے ہیں، اور یہ شوگر میں بڑھ جاتے ہیں، جب یہ اجزاء "ریج” پروٹین سے جڑتے ہیں تو سوزش اور خلیاتی نقصان بڑھتا ہے۔
تحقیق کے مطابق، چوہوں کی جلد پر دوا لگانے سے زخموں کا بھرنا تیز ہو گیا، جس سے یہ واضح ہوا کہ دوا شوگر کے مریضوں میں دیر سے بھرنے والے زخموں کے علاج میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
یہ تحقیق سیل کیمیکل بایولوجی کے جریدے میں شائع ہوئی ہے، اور ابتدائی مراحل میں ہونے کے باوجود شوگر کے علاج میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔
اگر انسانی تجربات میں بھی کامیاب ہوئی تو یہ دوا ٹائپ ون اور ٹائپ ٹو شوگر کے مریضوں کے لیے نئی امید کا پیغام دے سکتی ہے۔
