ایمسٹلوین: ایف آئی ایچ مینز ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے 9ویں سے 16ویں پوزیشن کے درجہ بندی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 4-2 سے شکست دے دی۔ واگنر اسٹیڈیم ایمسٹلوین میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے دوسرے ہاف میں بھرپور واپسی کی کوشش کی، تاہم نیوزی لینڈ کی پہلے ہاف میں حاصل کردہ برتری فیصلہ کن ثابت ہوئی۔
نیوزی لینڈ نے میچ کا آغاز انتہائی تیز انداز میں کیا اور صرف 20 سیکنڈ بعد ڈیلن تھامس نے فیلڈ گول کرکے ٹیم کو برتری دلادی۔
نیوزی لینڈ نے دباؤ برقرار رکھتے ہوئے 16ویں منٹ میں اسکاٹ بوئڈ کے گول کی مدد سے برتری 2-0 کردی۔ اس کے بعد 22ویں منٹ میں جارج بیکر نے تیسرا گول کرکے نیوزی لینڈ کو مزید مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔
پہلے ہاف کے اختتام پر نیوزی لینڈ کو 3-0 کی واضح برتری حاصل تھی۔
پاکستان نے تیسرے کوارٹر میں شاندار انداز میں واپسی کی کوشش کی۔ 33ویں منٹ میں سفیان خان نے گول کرکے خسارہ 3-1 کردیا، جبکہ صرف پانچ منٹ بعد افراز نے دوسرا گول کرکے اسکور 3-2 کردیا۔
پاکستان نے برابری کی بھرپور کوشش کی، لیکن نیوزی لینڈ نے آخری کوارٹر کے آغاز میں دباؤ کا مقابلہ کیا اور 49ویں منٹ میں کین رسل نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے اپنی ٹیم کی برتری دوبارہ دو گول کردی۔
میچ کے اختتام تک اسکور 4-2 برقرار رہا اور نیوزی لینڈ نے کامیابی اپنے نام کرلی۔
نیوزی لینڈ نے پول جی میں 9 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی اور جمعہ کو بلجیم کے بیلفیئس ہاکی ایرینا میں 9ویں پوزیشن کے پلے آف میں آئرلینڈ کا مقابلہ کرے گا۔
دوسری جانب پاکستان جمعہ کو واگنر اسٹیڈیم میں ورلڈ کپ کے اپنے آخری میچ میں 11ویں اور 12ویں پوزیشن کے لیے جنوبی افریقہ کے مدمقابل ہوگا۔
