اسلام آباد – پاکستان دسمبر سے قبل اپنی تاریخ کا پہلا پانڈا بانڈ جاری کرے گا جس کے ذریعے 25 کروڑ ڈالر (250 ملین) یوان میں قرض حاصل کیا جائے گا، بلومبرگ نیوز نے رپورٹ کیا ہے۔
یہ تین سالہ بانڈز 3 سے 4 فیصد سالانہ منافع کی شرح کے ساتھ چین کی انٹربینک مارکیٹ میں نجی طور پر جاری کیے جائیں گے اور صرف مستند ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کو پیش کیے جائیں گے۔ اس لین دین کو چین انٹرنیشنل کیپٹل کارپوریشن لمیٹڈ اور حبیب بینک لمیٹڈ کے مشیر اور انڈر رائٹرز کی مدد سے ترتیب دیا جا رہا ہے۔
جولائی میں وزارت خزانہ نے بیجنگ میں پری مارکیٹنگ اجلاس منعقد کیے تھے جو ایک نان ڈیل روڈ شو کا حصہ تھے۔ اجرا ضروری دستاویزات، منظوریوں اور کثیرالجہتی مالیاتی اداروں کی کریڈٹ گارنٹیوں کی تکمیل کے بعد متوقع ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پہلے ہی تصدیق کی تھی کہ پہلا اجرا تقریباً 30 کروڑ ڈالر کا ہوگا، جس سے پاکستان پہلی بار چینی کیپٹل مارکیٹ میں داخل ہوگا۔ ماضی میں پاکستان نے صرف امریکی ڈالر اور یورو میں بانڈز جاری کیے تھے۔
یہ اقدام بیرونی مالی وسائل کو متنوع بنانے اور ادائیگیوں کے توازن پر دباؤ کو کم کرنے کی کوشش کا حصہ ہے۔
