دسمبر 2، 2025
ویب ڈیسک
پاپائے لیو چہاردہم نے پیر کے روز لبنان کی مختلف مذہبی برادریوں کے رہنماؤں سے ملاقات کی اور انہیں عدم برداشت کے خلاف متحد ہونے اور امن کے فروغ کے لیے کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔ یہ ملاقات ان کے دورۂ لبنان کے دوسرے دن بین المذاہب یکجہتی کی علامت قرار دی جا رہی ہے۔
لبنانی عوام نے امریکی پوپ کا پُرجوش استقبال کیا، ہزاروں افراد سڑکوں کے کنارے کھڑے ہو کر ویٹیکن کے پرچم لہراتے رہے، خوشی کے نعرے لگاتے رہے اور بارش کے باوجود چاول نچھاور کرتے ہوئے ان کے قافلے کا خیرمقدم کرتے رہے۔
پاپائے لیو نے لبنان کے 18 سرکاری طور پر تسلیم شدہ مذہبی گروہوں میں سے 16 نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ “امن کی تعمیر کرنے والے” ہیں، جن کا فرض ہے کہ عدم برداشت کا مقابلہ کریں، تشدد پر قابو پائیں اور نفرت و خارجیت کو ختم کریں۔ انہوں نے کہا کہ لبنان کی مذہبی و ثقافتی رنگارنگی اس بات کی مثال ہے کہ مشکل حالات میں بھی اتحاد اور بقائے باہمی ممکن ہے۔
یہ اجتماع بیروت کے معروف شہداء اسکوائر میں ایک بڑے خیمے میں منعقد ہوا، جس میں قرآن کی تلاوت اور آرتھوڈوکس، سنی، شیعہ، دروز اور علوی رہنماؤں کی تقاریر شامل تھیں۔ اگرچہ لبنان طویل عرصے سے رواداری کی مثال سمجھا جاتا ہے، لیکن 1975 سے 1990 تک کی خانہ جنگی نے گہری فرقہ وارانہ خلیج چھوڑ دی ہے۔ پاپائے لیو ترکی سے اتوار کے روز اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر لبنان پہنچے اور نوجوانوں کے لیے امید کا پیغام لائے۔
