اسلام آباد:
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ 2025 میں جو افراد حج کی سعادت سے محروم رہے تھے ان کے لئے حکومت 4 اگست سے حج 2026 کے لیے درخواستیں وصول کرنا شروع کرے گی۔ کابینہ سے منظور شدہ حج پالیسی 2026 کے مطابق، پاکستان کا کل حج کوٹہ 1,79,210 برقرار رکھا گیا ہے، جس میں سے 1,19,210 عازمین سرکاری اسکیم کے تحت حج ادا کریں گے۔
پرائیویٹ اسکیم کا کوٹہ 50 فیصد کم کر کے 60,000 کر دیا گیا ہے، یعنی کل کوٹے کا 66.52 فیصد سرکاری اسکیم جبکہ 33.48 فیصد پرائیویٹ اسکیم کو دیا گیا ہے۔
سرکاری اسکیم کے تحت حج اخراجات 11.5 لاکھ سے 12.5 لاکھ روپے کے درمیان ہوں گے، جبکہ پہلی قسط میں 5 لاکھ روپے جمع کرانے ہوں گے۔
وزیر نے کہا کہ جن افراد نے پہلے سے رجسٹریشن کرائی تھی، انہیں ترجیح دی جائے گی۔انہوں نے وضاحت کی کہ پرائیویٹ کوٹہ اس لیے کم کیا گیا تاکہ کمپنیاں اپنی ذمے داری بہتر طریقے سے نبھا سکیں۔
وزارت مذہبی امور کے سیکریٹری نے بتایا کہ سرکاری کوٹہ مکمل ہوتے ہی آن لائن پورٹل بند کر دیا جائے گا۔2025 میں ناقص کارکردگی دکھانے والی پرائیویٹ حج کمپنیاں اب انہی عازمین کو 2026 میں بغیر اضافی قیمت پر حج کی سہولت فراہم کرنے کی پابند ہوں گی۔
پالیسی کے تحت پرائیویٹ آپریٹرز پر سخت نگرانی ہوگی، مالی اہلیت کا معیار مقرر کیا گیا ہے، اور نجی و سرکاری اسکیمز کی مانیٹرنگ غیرجانبداری سے کی جاۓ گی۔
