پنجاب کی سات سرکاری میڈیکل یونیورسٹیوں کے انتظامی نظام میں بڑی تبدیلیوں کی تجویز سامنے آگئی ہے، جس کے تحت وائس چانسلرز کو چیف ایگزیکٹو اور چیف اکیڈمک آفیسر کے اختیارات دینے کے ساتھ یونیورسٹیوں، ان سے منسلک میڈیکل کالجز اور تدریسی اسپتالوں کا انتظامی کنٹرول بھی ان کے حوالے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
اس حوالے سے پبلک سیکٹر میڈیکل یونیورسٹیز (دوسری ترمیم) آرڈیننس 2026 پنجاب اسمبلی میں پیش کیا گیا، جسے مزید غور کے لیے قائمہ کمیٹی برائے اعلیٰ تعلیم کے سپرد کر دیا گیا ہے۔
مجوزہ آرڈیننس کے مطابق وائس چانسلرز کو اپنی متعلقہ یونیورسٹیوں کے افسران، اساتذہ اور دیگر ملازمین پر انتظامی اختیار حاصل ہوگا۔ اس کے علاوہ یونیورسٹیوں کے ماتحت میڈیکل کالجز، تدریسی اسپتالوں اور دیگر اداروں کا انتظامی کنٹرول بھی وائس چانسلرز کو دینے کی تجویز شامل ہے۔
مجوزہ ترامیم کے تحت پنجاب کی سات سرکاری میڈیکل یونیورسٹیوں سے متعلق قوانین میں تبدیلیاں کی جائیں گی۔ اس کے ساتھ بعض میڈیکل کالجز کو دوبارہ ان کی متعلقہ یونیورسٹیوں کے جزوی کالجز (Constituent Colleges) کا قانونی درجہ دینے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔
اس منصوبے کے تحت کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج لاہور کو دوبارہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا جزوی کالج بنانے کی تجویز ہے۔ اسی طرح فاطمہ جناح میڈیکل کالج لاہور کو فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی اور پنجاب میڈیکل کالج فیصل آباد کو فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کا درجہ دینے کی تجویز شامل ہے۔
راولپنڈی میڈیکل کالج اور نشتر میڈیکل کالج ملتان کو بھی ان کی متعلقہ یونیورسٹیوں کے قانونی طور پر تسلیم شدہ جزوی کالجز کا درجہ دینے کی تجویز دی گئی ہے۔
آرڈیننس میں یہ تجویز بھی شامل ہے کہ سرکاری میڈیکل یونیورسٹیوں کے فیصلہ ساز اداروں میں محکمہ خزانہ کی نمائندگی لازمی ہوگی۔ اس مقصد کے لیے سیکریٹری خزانہ یا کم از کم ایڈیشنل سیکریٹری کے عہدے کا نامزد افسر شامل کیا جائے گا۔
گورنر پنجاب نے 20 اکتوبر 2026 کو میڈیکل یونیورسٹیز (دوسری ترمیم) آرڈیننس 2026 کی 90 روز کے لیے منظوری دی تھی۔ اب قائمہ کمیٹی برائے اعلیٰ تعلیم اس کا جائزہ لے گی، جس کے بعد کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں اسے پنجاب اسمبلی میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ اسمبلی سے منظوری کے بعد یہ قانون بن جائے گا۔
