سندھ حکومت نے حیدرآباد تعلیمی بورڈ کے انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے نتائج میں مبینہ بے ضابطگیوں کی شکایات سامنے آنے کے بعد تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی اطلاعات اور عوامی شکایات کے بعد متعلقہ حکام نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے کارروائی شروع کر دی ہے۔
حکومت نے ٹاپ سیکریٹ برانچ کے ڈپٹی کنٹرولر اعجاز علی کاکا کو معطل کر دیا ہے، جبکہ معاملے کی مکمل تحقیقات کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
صوبائی وزیر جامعات محمد اسماعیل راہو کی منظوری کے بعد سیکریٹری جامعات و بورڈز عباس بلوچ نے معطلی اور تحقیقاتی کمیٹی کے قیام کے احکامات جاری کیے۔ پروفیسر ڈاکٹر اربیلہ بھٹو کو کمیٹی کی سربراہ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ایڈیشنل سیکریٹری امیر فضل اویسی اور ڈاکٹر نصراللہ پیرزادہ کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔
تحقیقاتی کمیٹی انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے پری میڈیکل اور پری انجینئرنگ گروپس کے نتائج کا تفصیلی جائزہ لے گی۔ اس کے علاوہ پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ، ٹاپ 10 امیدواروں اور اے ون اور اے گریڈ حاصل کرنے والے طلبہ کا ریکارڈ بھی جانچا جائے گا۔
تحقیقات کے دوران نتائج کی تیاری، جوابی کاپیوں کی جانچ، نمبروں کی ترتیب و اندراج اور نتائج کے اعلان کے تمام مراحل کا جائزہ لیا جائے گا۔ کمیٹی اس بات کا تعین کرے گی کہ آیا نتائج میں بے ضابطگیاں ہوئی ہیں اور اگر ایسا ہوا ہے تو اس کے ذمہ دار کون ہیں۔
معطل کیے گئے افسر کو تحقیقات مکمل ہونے تک متعلقہ حکام اور کمیٹی کے ساتھ تعاون کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کمیٹی کو 30 روز کے اندر اپنی رپورٹ اور سفارشات صوبائی وزیر جامعات و بورڈز کو پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے والے نتائج کی بنیاد پر مزید کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔
