پاکستانی ریئلٹی شو تماشا سیزن 5 سے شہرت حاصل کرنے والی اسرا عائشہ اور زیب خان نے نکاح کر لیا۔ دونوں نے اپنی شادی کی خوشخبری سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کر دیا۔
رپورٹس کے مطابق، جوڑے نے ایک سادہ اور پُروقار تقریب میں نکاح کیا۔ اسرا عائشہ نے سفید اور سنہری رنگ کا خوبصورت روایتی لباس زیب تن کیا، جبکہ زیب خان آف وائٹ لباس اور گہرے سرخی مائل رنگ کی واسکٹ میں دکھائی دیے۔ دونوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
اسرا اور زیب نے اپنے نکاح کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے قرآنِ پاک کی سورۃ النبأ کی آیت کا حوالہ دیا: ”اور ہم نے تمہیں جوڑوں کی صورت میں پیدا کیا۔“ اس موقع پر دونوں نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور اپنے مداحوں کی دعاؤں اور نیک تمناؤں پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
زیب خان نے اپنی اہلیہ کے لیے محبت بھرے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں اسرا کی صورت میں سکون کا ایک خوبصورت تحفہ عطا کیا ہے۔ ان کے اس پیغام کو مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اسرا عائشہ اور زیب خان کی قربت تماشا سیزن 5 کے دوران بھی توجہ کا مرکز رہی تھی۔ شو میں دونوں کے تعلق اور باہمی احترام پر ناظرین نے خاصی دلچسپی کا اظہار کیا۔ اسرا عائشہ نے شو میں رنر اَپ کی حیثیت سے اپنی پہچان بنائی، جبکہ زیب خان کے ساتھ ان کی دوستی بھی مداحوں میں زیرِ بحث رہی۔
نکاح کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے جوڑے کو مبارک باد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ مداحوں نے دونوں کے لیے خوشگوار ازدواجی زندگی، محبت اور کامیابی کی دعائیں کی ہیں۔
اسرا عائشہ اور زیب خان کو زندگی کے اس نئے سفر کے آغاز پر دلی مبارک باد!
