ملتان
12 جولائی 2025:
پنجاب کے کئی شہروں میں آج صبح سے جاری موسلا دھار بارشوں نے معمولاتِ زندگی درہم برہم کر دیے۔ ملتان، فیصل آباد، بہاولپور، چنیوٹ، رحیم یار خان، لودھراں، راجن پور، جھنگ، خوشاب اور سرگودھا سمیت کئی اضلاع میں بارش نے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا۔ گلیاں اور سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں جبکہ متعدد علاقوں میں نکاسی آب کا نظام ناکام ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ بارشیں مون سون کے "موسمی مگر شدت اختیار کیے ہوئے” سلسلے کا حصہ ہیں جو آئندہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ پیشگوئی میں کہا گیا ہے کہ پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔
دوسری جانب، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) نے پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے متعدد اضلاع میں 17 جولائی تک کیلئے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ادارے نے ممکنہ فلیش فلڈز، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے، ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رابطہ کریں۔
بارشوں کے باعث مختلف شہروں میں جان لیوا واقعات بھی پیش آئے ہیں۔ ہنگو میں ایک گھر کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہو گیا۔ فیصل آباد میں تیز بارش کے دوران 4 سالہ بچی گھر کی دیوار گرنے سے جان کی بازی ہار گئی۔ دیگر علاقوں سے بھی چھتیں گرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
تھرپارکر کے بعض علاقوں میں بھی شدید بارش نے نظام زندگی کو متاثر کیا ہے جبکہ کئی علاقوں میں بارش کے باعث سڑکیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔
این ڈی ایم اے اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز نے ریسکیو اداروں کو الرٹ کر دیا ہے، جبکہ مقامی حکومتیں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہیں۔
