نیویارک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل کی مالک کمپنی ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ (TMTG) نے مبینہ طور پر وال اسٹریٹ کی ٹریڈنگ فرموں اور مالیاتی اداروں کو صدر کی پوسٹس تک تیز ترین رسائی فراہم کرنے کے لیے ایک لاکھ امریکی ڈالر ماہانہ فیس کی پیشکش کی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کمپنی کا نیا سروس پلیٹ فارم "ٹروتھ اے پی آئی” (Truth API) صارفین کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت اہم اکاؤنٹس کی پوسٹس عام صارفین سے چند لمحے پہلے موصول کرنے کی سہولت دے گا، جس سے سرمایہ کار اور ٹریڈنگ کمپنیاں مارکیٹ پر اثر انداز ہونے والے اعلانات پر فوری ردعمل دے سکیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمپنی نے تین سالہ معاہدہ کرنے والے صارفین کے لیے تقریباً 60 ہزار ڈالر ماہانہ کی رعایتی فیس کی تجویز بھی دی ہے، تاہم قیمتوں کی باضابطہ تصدیق ابھی تک نہیں کی گئی۔
اس منصوبے پر مختلف حلقوں میں بحث جاری ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ امریکی صدر کی پوسٹس تک خصوصی اور قبل از وقت رسائی مالیاتی اداروں کو غیر منصفانہ برتری دے سکتی ہے، جبکہ حامیوں کے مطابق یہ سروس دیگر پریمیم مالیاتی ڈیٹا سروسز کی طرح ایک تجارتی پیشکش ہے۔
رپورٹ کے مطابق، ٹرمپ میڈیا نے اس سروس کے ذریعے ادارہ جاتی صارفین کو ہدف بنایا ہے، جو مارکیٹ سے متعلق اہم معلومات تک تیز ترین رسائی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
