کراچی میں کانگو وائرس کے دو کیس سامنے آنے کے بعد محکمہ لائیو اسٹاک سندھ نے شہر بھر میں ہنگامی اقدامات شروع کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
ڈی جی لائیو اسٹاک ڈاکٹر حزب اللہ بھٹو کے مطابق متاثرہ دونوں مریضوں کا تعلق ضلع غربی سے ہے۔ ڈاکٹر حزب اللہ کے مطابق نوجوان محمد امین کو سندھ انفیکشن ڈیزیز اسپتال میں داخل کیا گیا ہے، جبکہ وانیہ نامی لڑکی عباسی شہید اسپتال کے آئی سی یو میں زیر علاج ہے، دونوں کی طبی حالت پر ڈاکٹروں کی جانب سے قریبی نظر رکھی جا رہی ہے۔
محکمہ لائیو اسٹاک نے کراچی کے تمام اضلاع میں اسپرے کا حکم دے دیا ہے جبکہ بیوپاریوں کو فوری طور پر جانوروں کی ویکسینیشن کرانے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔
محکمہ لائیو اسٹاک نے خبردار کیا ہے کہ شہری جانوروں کے قریب جاتے ہوئے احتیاطی تدابیر ضرور اختیار کریں تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
