اسلام آباد: ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کو ہراساں کرنے کے ملزم حسن زاہد کے خلاف ایک اور خاتون نے مقدمہ درج کرا دیا۔ یہ مقدمہ تھانہ شالیمار میں درج ہوا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ خاتون نے بیان دیا کہ وہ سی الیون سے ایف الیون اپنے عزیز سے ملنے جا رہی تھی کہ اچانک ایک ریو گاڑی نے اس کی گاڑی کو روکا۔ گاڑی سے اترنے والے شخص کی شناخت حسن زاہد کے طور پر ہوئی، جس نے پستول تان کر پہلے سے درج مقدمہ واپس لینے کا دباؤ ڈالا۔
خاتون نے الزام عائد کیا کہ مقدمہ واپس لینے سے انکار پر ملزم نے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں اور اس کا پرس چھین لیا جس میں 45 ہزار روپے اور اہم دستاویزات موجود تھیں۔ پولیس نے ملزم اور اس کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
