اسلام آباد: ایف آئی اے نیشنل سینٹرل بیورو (این سی بی) انٹرپول نے بڑی کارروائی کے دوران قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم کو سعودی عرب سے گرفتار کر لیا۔
حکام کے مطابق ملزم خوشنود مشتاق کو سعودی عرب میں گرفتار کر کے پاکستان منتقل کیا گیا، جہاں اسے اسلام آباد ایئرپورٹ لایا گیا۔ گرفتار ملزم گزشتہ دو برس سے پنجاب پولیس کو مطلوب تھا۔
ذرائع کے مطابق ملزم کے خلاف سال 2023 میں تھانہ علی پور، گوجرانوالہ میں قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا، جبکہ ایف آئی اے این سی بی انٹرپول کی جانب سے اس کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا۔
بعد ازاں ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد نے ملزم کو پنجاب پولیس کے حوالے کر دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری اور حوالگی انٹرپول اسلام آباد اور انٹرپول ریاض کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کے باعث ممکن ہوئی۔
