کراچی – وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے شہر میں حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق یہ آپریشن ڈی جی ایف آئی اے کی ہدایت پر کیا گیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت امتیاز احمد شیخ اور محمد صدیق کے ناموں سے ہوئی ہے، جنہیں شہید ملت روڈ اور کراچی ایئرپورٹ پارکنگ سے حراست میں لیا گیا۔ ان کے قبضے سے 50 ہزار یو اے ای درہم، 27 ہزار 270 سعودی ریال، 800 امریکی ڈالر اور 4 لاکھ 66 ہزار روپے برآمد ہوئے۔
ترجمان کے مطابق ملزمان کے موبائل فونز اور دیگر شواہد بھی تحویل میں لیے گئے ہیں۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمان برآمد شدہ کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکے۔ مزید تفتیش جاری ہے جبکہ ان کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
