کراچی – سندھ ہائیکورٹ نے مومن آباد تھانے کی حدود سے شہری اسرار احمد کے مبینہ اغوا کے کیس میں ایس ایس پی کیماڑی کو تفصیلی رپورٹ کے ساتھ طلب کر لیا۔ عدالت نے سماعت کے دوران تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ ریٹائرڈ پولیس اہلکار تھانے میں کیسے کام کر رہا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ اسرار احمد 30 جون سے لاپتا ہے، پانچ ماہ گزرنے کے باوجود اس کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ وکیل کے مطابق ریٹائرڈ سب انسپکٹر پارس نے گھر پر چھاپہ مار کر شہری کو اغوا کیا۔ عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا کہ پارس کب ریٹائر ہوا تھا؟ تفتیشی افسر نے بتایا کہ وہ 2019 میں ریٹائر ہوا ہے۔
سرکاری وکیل نے کہا کہ اغوا کے کیس میں دو ملزمان نامزد ہوچکے ہیں اور ان کے چالان جمع کرائے جا چکے ہیں۔ عدالت نے ایس ایس پی کیماڑی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی اور سماعت 14 نومبر تک ملتوی کر دی۔
