بالی ووڈ کے شہنشاہ شاہ رخ خان اپنی نئی فلم کنگ کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہو گئے اور اب علاج کی غرض سے امریکہ منتقل کر دیے گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، یہ واقعہ ممبئی میں اس وقت پیش آیا جب فلم کا ایک ایکشن سین شوٹ کیا جا رہا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان نے خود اسٹنٹ انجام دینے کا فیصلہ کیا تھا، جس دوران ان کی کمر پر چوٹ آئی۔ اگرچہ چوٹ کو سنگین قرار نہیں دیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے کم از کم ایک ماہ مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں جب شاہ رخ خان سیٹ پر زخمی ہوئے ہوں۔ 2017 میں فلم زیرو کی شوٹنگ کے دوران بھی ان کی گردن پر چوٹ آئی تھی اور اس وقت بھی انہیں امریکا میں علاج کروانا پڑا تھا۔
اداکار کی موجودہ چوٹ کے باعث فلم کی شوٹنگ فی الحال روک دی گئی ہے۔ انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ اس تاخیر سے پروڈکشن کے اخراجات میں اضافہ ہو سکتا ہے، تاہم پروڈیوسرز اداکار کی صحت کو اولین ترجیح دے رہے ہیں۔
فلم کنگ کی شوٹنگ گزشتہ سال سے جاری ہے اور اسے 2026 کے اوائل میں ریلیز کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ ابتدائی طور پر اس فلم کی ہدایت کاری کہانی نویس سوجوئے گھوش کو سونپی گئی تھی، تاہم اب اس کی باگ ڈور پٹھان کے کامیاب ہدایتکار سدھارتھ آنند نے سنبھال لی ہے۔
فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان بھی اپنی اداکاری کا آغاز کر رہی ہیں، جو فلم میں ان کی بیٹی کا کردار ادا کریں گی، جس سے کہانی میں جذباتی گہرائی پیدا ہونے کی توقع ہے۔ اداکار ابھیشیک بچن بھی فلم میں ایک اہم کردار نبھا رہے ہیں۔
شاہ رخ خان کے مداح ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔ حالیہ برسوں میں انہوں نے پٹھان، جوان اور ڈنکی جیسی فلموں کے ذریعے باکس آفس پر کامیابی کے جھنڈے گاڑے ہیں۔ ایک حالیہ انٹرویو میں شاہ رخ خان نے کہا تھا کہ کنگ ان کے کیریئر کا ایک طاقتور نیا باب ثابت ہو گی۔
فلم کی شوٹنگ اداکار کی مکمل صحتیابی کے بعد دوبارہ شروع کی جائے گی اور امید ہے کہ ریلیز کا شیڈول متاثر نہیں ہوگا تاکہ مداح جلد از جلد انہیں بڑی اسکرین پر دوبارہ دیکھ سکیں
