پاکستان کے معروف اداکار فواد خان نے آخرکار پاکستان آئیڈل کے جج کے طور پر کی جانے والی تنقید پر خاموشی توڑ دی۔
دس سال بعد واپس آنے والے اس مقبول میوزک شو نے آغاز کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی ہے — خاص طور پر ججز کے انتخاب پر۔ اس سیزن کے ججز میں راحت فتح علی خان، زیب بنگش، بلال مقصود اور فواد خان شامل ہیں۔
کئی صارفین نے فواد خان اور بلال مقصود کو جج مقرر کرنے پر سوالات اٹھائے ہیں۔ بعض کا کہنا ہے کہ نئی نسل ان دونوں کے موسیقی کے کام سے زیادہ واقف نہیں۔ اس حوالے سے گلوکارہ حمیرا ارشد نے بھی فواد خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شہرت صرف اداکاری کی وجہ سے ہے۔
واضح رہے کہ بلال مقصود معروف بینڈ اسٹرنگز کا حصہ رہ چکے ہیں، جب کہ فواد خان نے اپنے کیریئر کا آغاز راک بینڈ انٹٹی پیراڈائم (EP) کے مرکزی گلوکار کے طور پر کیا تھا۔
حال ہی میں لاہور میں اپنی فلم نیلوفر کی میوزک لانچ تقریب میں جب فواد سے گانے کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے ہنستے ہوئے کہا، ’’نہیں، میں نے کوئی گانا نہیں گایا، پاکستان مجھے گانے ہی نہیں دے رہا۔‘‘
فواد خان کا یہ مزاحیہ جواب سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا ہے، جہاں مداح ان کے انداز کو سراہ رہے ہیں جبکہ کچھ افراد اب بھی اس بحث میں مصروف ہیں کہ کیا اداکاروں کو میوزک شوز کا جج بننا چاہیے۔
