کراچی: چین کے انٹرنیشنل انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی انسٹیٹیوٹ (IETI) نے ممتاز پاکستانی سائنس دان پروفیسر عطا الرحمٰن کو IETI چین لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ 2026 کے چوتھے ایڈیشن سے نوازا ہے۔
بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (ICCBS) کے ترجمان کے مطابق یہ عالمی اعزاز انہیں کیمیکل سائنسز، اعلیٰ تعلیم میں اصلاحات اور سائنسی جدت کے شعبوں میں ان کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔
انسٹیٹیوٹ نے 4 دسمبر کو IETI رامیش اگروال لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ 2026 کے فاتح کا باضابطہ اعلان کیا۔
ایوارڈ کمیٹی کے مطابق پروفیسر عطا الرحمٰن نے قدرتی مصنوعات کی کیمسٹری میں کئی دہائیوں پر محیط تحقیق، عالمی معیار کے تحقیقی ادارے کے قیام اور دنیا کے سب سے زیادہ حوالہ دیے جانے والے سائنسدانوں میں شامل ہونے کی حیثیت سے نمایاں عالمی اثرات چھوڑے ہیں۔ انہیں 2025 میں IETI کا ممتاز فیلو بھی منتخب کیا گیا تھا۔
پروفیسر عطا الرحمٰن پاکستان کے سب سے زیادہ اعزاز یافتہ سائنسدان ہیں۔ انہیں تمغہ امتیاز، ستارہ امتیاز، ہلال امتیاز اور نشان امتیاز سمیت ملک کے چاروں بڑے سول ایوارڈز مل چکے ہیں۔
انہیں بین الاقوامی سطح پر رائل سوسائٹی لندن کی فیلوشپ، یونیسکو سائنس پرائز، TWAS ایوارڈ اور آسٹریا کا اعلیٰ سول ایوارڈ بھی دیا جا چکا ہے۔
چین کے ساتھ سائنسی تعاون کے اعتراف میں انہیں چین کا اعلیٰ ترین سائنسی اعزاز انٹرنیشنل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کوآپریشن ایوارڈ بھی مل چکا ہے، جبکہ وہ چائنیز اکیڈمی آف سائنسز کے غیر ملکی رکن بھی ہیں۔ چین، ملیشیا اور پاکستان میں ان کے نام سے کئی تحقیقی مراکز قائم ہیں۔
