امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی سے کہا تھا کہ وہ پاکستان کے ساتھ جنگ سے گریز کریں اور خطے میں امن قائم رکھنے کی کوشش کریں۔
عرب نیوز کے مطابق ٹرمپ نے یہ بات واشنگٹن کے اوول آفس میں دیوالی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس میں بڑی تعداد میں بھارتی نژاد امریکی شریک تھے۔
ٹرمپ نے کہا، ’’آج میری آپ کے وزیرِاعظم سے بات ہوئی، ہماری بہت اچھی گفتگو ہوئی۔ ہم نے تجارت پر بات کی، اور میں نے ان سے کہا کہ پاکستان کے ساتھ جنگ نہیں ہونی چاہیے۔ خوشی کی بات ہے کہ اب دونوں ممالک کے درمیان حالات بہتر ہو رہے ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ حالیہ جھڑپوں کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت خشکی، فضا اور سمندر میں فوجی کارروائیاں روک دی گئی ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اس تنازع کے خاتمے کا کریڈٹ خود کو دیتے ہوئے کہا کہ ان کی سفارتی کوششوں سے کشیدگی کم ہوئی، تاہم نئی دہلی نے کسی تیسرے فریق کے کردار کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان اپنے معاملات دوطرفہ بنیادوں پر حل کرتے ہیں۔
ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف نے حال ہی میں ان سے ملاقات کے دوران ان کے کردار کو سراہا، جنہوں نے ممکنہ جنگوں کو رکوانے میں کردار ادا کیا۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ بھارتی وزیرِاعظم نے انہیں یقین دلایا ہے کہ نئی دہلی روس سے تیل کی خریداری کم کرے گا۔ اس معاملے پر امریکا اور بھارت کے درمیان تجارتی اختلافات بڑھ گئے ہیں، تاہم دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔
