کراچی: شہر کے پوش علاقے ڈیفنس کی ایک مصروف شاہراہ پر نصب ڈیجیٹل ایڈورٹائزمنٹ اسکرینز پر کچھ دیر کے لیے غیر اخلاقی مواد نشر ہونے کے واقعے نے شہریوں میں تشویش اور غم و غصے کی لہر دوڑا دی۔
حکام کے مطابق خیابانِ اتحاد پر نصب ایس ایم ڈی اسکرینز کو نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر ہیک کیا، جس کے نتیجے میں نازیبا مواد نشر ہوا۔ واقعے کے بعد راہگیروں اور گاڑی سواروں میں اضطراب پایا گیا۔
یہ واقعہ عبدالستار ایونیو کے قریب پیش آیا، جہاں بڑی ڈیجیٹل اسکرینز پر متنازع مواد دیکھ کر شہریوں نے ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جو تیزی سے وائرل ہو گئیں۔
اطلاع ملتے ہی متعلقہ اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ اسکرینز بند کر دیں۔ احتیاطی اقدام کے طور پر ڈی ایچ اے کی دیگر اہم شاہراہوں کے علاوہ شاہراہِ فیصل اور کارساز روڈ پر نصب متعدد ڈیجیٹل اسکرینز کو بھی عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے، جبکہ سسٹمز کے سیکیورٹی آڈٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
واقعے کی تحقیقات کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی اور سائبر کرائم یونٹ نے مشترکہ تفتیش شروع کر دی ہے۔ حکام کے مطابق ڈیٹا لاگز اور دیگر تکنیکی شواہد کی جانچ کی جا رہی ہے تاکہ ملوث عناصر کی نشاندہی کر کے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
