کراچی — بوٹ بیسن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی میجر بن کر شارٹ ٹرم اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث دو مطلوب و اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت طلال افسر عرف میجر ظفر ولد محمد افسر صدیقی اور امام بخش ولد صادق کے ناموں سے ہوئی۔ ملزمان کے قبضے سے دو عدد 30 بور پستول بمعہ لوڈ میگزین و راؤنڈز، ایک آڈی کار، چار وائرلیس واکی ٹاکی سیٹس، تین بلٹ پروف جیکٹس اور چار موبائل فون برآمد ہوئے۔
ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ جعلی میجر بن کر تاوان کے لیے مختصر مدت کے اغوا کرتے تھے۔ انہوں نے مدعی تاج الدین سے دو قسطوں میں 80 لاکھ روپے تاوان وصول کرنے کا اعتراف کیا، جس کا مقدمہ تھانہ ٹیپو سلطان میں درج ہے۔
پولیس کے مطابق دونوں ملزمان مقدمہ نمبر 807/2025 تھانہ بوٹ بیسن میں (Tel Act 506 25-D) کے تحت بھی نامزد ہیں، جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
