کراچی: کھارادر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا جو شہریوں پر رعب جمانے اور انہیں ہراساں کرنے میں ملوث تھا۔
ترجمان ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت عدنان کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم کے قبضے سے پولیس کی ٹی شرٹ، کیپ، دو بیگ اور دیگر سامان برآمد ہوا۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم کھارادر کے مختلف علاقوں میں پولیس کانسٹیبل بن کر شہریوں کو ہراساں کرتا اور اس عمل سے پولیس کے تشخص کو نقصان پہنچا رہا تھا۔
پولیس کے مطابق دورانِ پیٹرولنگ ملزم کو روکا گیا تو اس نے خود کو پولیس اہلکار ظاہر کیا، تاہم شک کی بنیاد پر اسے تھانے لے جایا گیا جہاں تفتیش کے دوران وہ جعلی پولیس اہلکار نکلا۔
مزید بتایا گیا کہ ملزم عدنان اس سے قبل بھی اسلام آباد میں مقدمہ نمبر 402/2022 کے تحت دفعہ 380 (چوری) کے الزام میں گرفتار ہوچکا ہے۔ پولیس نے ملزم کو مزید تحقیقات کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا ہے۔
