کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں دو الگ الگ مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔
پولیس کے مطابق یہ مقابلے اسٹیل ٹاؤن اور قائدآباد کے علاقوں میں ہوئے، جہاں فائرنگ کے تبادلے کے بعد ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔
پہلا مقابلہ اسٹیل ٹاؤن میں سو بستر اسپتال کے قریب پیش آیا، جس میں ایک ڈاکو وسیم زخمی ہوگیا۔ چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم کے قبضے سے پستول، موبائل فون اور نقد رقم برآمد ہوئی ہے، جس کی تصدیق ملیر پولیس کے ترجمان نے کی ہے۔
دوسرا مقابلہ قائدآباد کے علاقے فقیرآباد کالونی میں ہوا، جہاں پولیس نے زخمی ڈاکو سلیم خان کو گرفتار کیا۔
چھیپا حکام کے مطابق ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ اس کے قبضے سے بھی پستول، موبائل فون اور نقد رقم برآمد ہوئی۔
