ایم بی بی ایس پاس کر کے نئے ڈاکٹر بننے والوں کے لیے بڑی خوشخبری ہے کہ ان کی بھرتیوں کی راہیں کھل گئی ہیں۔
بلوچستان کے 1269 ڈاکٹرز کو اگلے گریڈ میں ترقی دے دی گئی ہے جس کے بعد صوبے میں نئے ڈاکٹروں کی بھرتی کیلیے راہیں کھل گئی ہیں۔
اس حوالے سے وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے بتایا کہ 1269 ڈاکٹروں کو اگلے گریڈ میں ترقی دینے سے برسوں سے زیر التوا ترقی کے کیسز نمٹ گئے اور ڈاکٹروں کا دیرینہ مسئلہ بھی حل ہوا ہے۔
اس کے علاوہ جنرل کیڈر کے 627 میڈیکل آفیسرز کو سینئر میڈیکل آفیسرز کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے اور 150 لیڈی میڈیکل آفیسرز کو سینئر لیڈی میڈیکل آفیسرز بنا دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 37 ڈینٹل سرجنز کو سینئر ڈینٹل سرجنز جب کہ 134 ڈاکٹروں کو بطور چیف میڈیکل آفیسرز ترقی دی گئی۔ اس کے علاوہ محکمہ صحت میں تعینات نرسوں کو بھی پروموشن دی گئی ہے۔
وزیر صحت نے بتایا کہ بلوچستان حکومت نے ڈاکٹروں کو بیک وقت ترقی دینے کا تاریخی فیصلہ کیا اور اس فیصلے سے صوبے میں نئے ڈاکٹروں کی بھرتی کے لیے راہیں کھل گئی ہیں۔
