اسلام آباد میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے انٹرنیشنل کرکٹ پر آن لائن جوئے کے نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار افراد میں مجیب اور زاہد علی شامل ہیں، جن کے خلاف اینٹی کرپشن سرکل میں مقدمات درج کر دیے گئے ہیں۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم زاہد علی نہ صرف سندھ پولیس کا اہلکار ہے بلکہ وہ پروفیشنل کرکٹر اور ضلعی سطح کا امپائر بھی رہ چکا ہے۔ زاہد 2021 تک کرکٹ کھیلتا رہا اور امپائرنگ کے دوران اس کے مختلف بین الاقوامی خواتین کرکٹرز سے رابطے بھی تھے، جنہیں وہ آن لائن جوئے کے نیٹ ورک میں استعمال کرتا رہا۔
تفتیشی ریکارڈ کے مطابق زاہد علی زمبابوے، کینیا، گھانا اور دیگر افریقی ممالک کے کرکٹرز سے بھی رابطے میں تھا اور خود کو پروفیشنل امپائر ظاہر کر کے “ورلڈ کرکٹ لاء” نامی واٹس ایپ گروپ کے ذریعے غیرقانونی سرگرمیوں میں لوگوں کو شامل کرتا رہا۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ زاہد علی مختلف ممالک میں منی لانڈرنگ میں بھی سرگرم تھا، جبکہ دونوں ملزمان ایک منظم آن لائن بیٹنگ چین کی سہولت کاری میں مسلسل شامل رہے۔ ادارے نے مزید گرفتاریاں اور نیٹ ورک کے مکمل خاتمے کے لیے تحقیقات کو وسعت دینے کا اعلان کیا ہے
