نومبر 29، 2025
ویب ڈیسک
پوپ لیو چودھویں نے ہفتے کے روز اپنے ترکی کے دورے کے دوسرے دن استنبول کی تاریخی بلیو مسجد کا دورہ کیا اور مسیحی برادریوں میں اتحاد کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کا یہ دورہ عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
پوپ کا یہ قدم اُن کے حالیہ پیش روؤں کی روایت کی پیروی ہے، جنہوں نے مسلمان اکثریت کے احترام میں اس مسجد کے نمایاں دورے کیے تھے۔ ایک امام کی دعوت کے باوجود پوپ لیو چودھویں نے مسجد کے اندر نماز ادا نہیں کی۔
اس سے قبل پوپ لیو چودھویں اور مشرقی آرتھوڈوکس عیسائیوں کے روحانی پیشوا، اکومینیکل پیٹریارک بارتھولومیو اوّل، نے استنبول کے پیٹریارکل چرچ آف سینٹ جارج میں دوکساولوجی سروس میں شرکت کی۔ یہ مشترکہ شرکت دونوں کلیسیاؤں کے درمیان مضبوط تعلقات کی کوششوں کی عکاس تھی۔
بعد ازاں پوپ نے استنبول میں ماس کی عبادت بھی سرانجام دی، جس میں انہوں نے عالمی مسیحی وحدت اور امن کے اپنے پیغام کو دوبارہ اجاگر کیا۔ ان کا دورہ مختلف مذاہب کے درمیان تعاون کی کوششوں کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے۔
