آسٹریلوی صحافی رابرٹ مارٹن کا کہنا ہے کہ اسلام قبول کرنے کے اپنے ارادے کے اعلان کے ساتھ وہ خود کو ’’گہرے سکون‘‘ میں محسوس کر رہے ہیں۔
آسٹریلیا کے معروف صحافی اور انسانی حقوق کے حامی رابرٹ مارٹن نے اعلان کیا ہے کہ وہ اسلام قبول کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں انہوں نے تصدیق کی کہ گردش کرتی افواہیں درست تھیں اور وہ اپنے فیصلے سے ’’گہرا سکون‘‘ محسوس کر رہے ہیں۔
مارٹن نے لکھا کہ یہ ان کی زندگی کا ایک اہم اور ذاتی لمحہ ہے، جس نے ان کے فالوورز اور عالمی صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی ہے۔ انصاف اور انسانیت کے لیے آواز اٹھانے کے باعث مشہور رابرٹ مارٹن کے اس اعلان کا وسیع پیمانے پر خیرمقدم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے ابھی تک اسلام قبول کرنے کی باقاعدہ تاریخ کا اعلان نہیں کیا، تاہم ان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ کافی غور و فکر کے بعد سامنے آیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے ان کے اس روحانی سفر کا احترام کرنے کی اپیل کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
مزید تفصیلات ان کے جانب سے آنے والے بیانات کے بعد سامنے آئیں گی۔
