متحدہ عرب امارات نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے ابوظبی کے دورے کی تصدیق کردی ہے۔ اماراتی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق نیتن یاہو نے 27 ستمبر کو ابوظبی میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ دورہ ابتدائی طور پر غیر اعلانیہ رکھا گیا تھا۔ اس سے قبل ایک اسرائیلی عہدیدار نے رائٹرز کو بتایا تھا کہ نیتن یاہو نے ابوظبی کا دورہ کیا اور اماراتی صدر سے ملاقات کی، تاہم اس وقت اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر اور اماراتی وزارتِ خارجہ کی جانب سے فوری طور پر کوئی تصدیق نہیں کی گئی تھی۔
اس ملاقات کا وقت بھی خاص اہمیت رکھتا ہے کیونکہ حالیہ دنوں میں اسرائیلی میڈیا میں ایک رپورٹ سامنے آئی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ شیخ محمد بن زاید نے 7 اکتوبر 2023 کے حملے سے قبل نیتن یاہو کو حماس کی جانب سے ممکنہ بڑے آپریشن کے بارے میں خبردار کیا تھا۔ نیتن یاہو نے اس دعوے کی تردید کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق نیتن یاہو کے دورے میں ان کے ہمراہ موساد کے سربراہ اور دیگر سکیورٹی حکام بھی موجود تھے۔ اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے بعد میں دورے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسے سکیورٹی وجوہات کی بنا پر خفیہ رکھا گیا تھا۔
متحدہ عرب امارات اور اسرائیل نے 2020 کے ابراہام معاہدوں کے تحت سفارتی تعلقات قائم کیے تھے۔ موجودہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطوں اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں اہم پیش رفت کے طور پر سامنے آئی ہے۔
