اسلام آباد (20 نومبر 2026): پاکستان اور قطر نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، بالخصوص سیکیورٹی، انسدادِ دہشت گردی اور ادارہ جاتی تعاون کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
یہ پیش رفت راولپنڈی میں چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور قطر کے وزیر داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ الثانی کے درمیان ملاقات کے دوران سامنے آئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے اور عالمی سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے انسدادِ دہشت گردی اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ قطری وزیر داخلہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قطر کے ساتھ روابط مزید مستحکم بنانے اور مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دریں اثنا پاکستان اور قطر نے سیکیورٹی تعاون اور منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت اور عملی منصوبے پر بھی دستخط کیے۔
یہ معاہدہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کے قطری ہم منصب کے درمیان طے پایا، جس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف بھی موجود تھے۔
معاہدے کے تحت قطر کی داخلی سیکیورٹی فورس اور پاکستان کی وفاقی کانسٹیبلری کے درمیان تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ سائبر سیکیورٹی، پولیس افسران کے تبادلے اور دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان رابطوں کو مزید مؤثر بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور قطر منشیات کی اسمگلنگ اور دیگر سیکیورٹی خطرات کے خلاف مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
مبصرین کے مطابق ان معاہدوں سے پاکستان اور قطر کے درمیان سیکیورٹی شراکت داری کو مزید فروغ ملنے اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کو تقویت ملنے کی توقع ہے۔
