کراچی (پریس ریلیز) – انسپکٹر جنرل سندھ پریزنز اینڈ کریکشن سروس، سید رضا حسین شاہ کی ہدایت پر محکمے کے 47 جونیئر افسران اور اہلکاروں کو اگلے عہدوں پر ترقی دے دی گئی ہے۔ یہ ترقیات طویل عرصے سے التواء کا شکار تھیں، جنہیں وزیر جیل خانہ جات سندھ کے ویژن اور محکمہ جیل کی پالیسی کے تحت میرٹ اور شفافیت کے اصولوں پر مکمل کیا گیا۔
ترقی پانے والوں میں مختلف عہدوں کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ، ہیڈ وارڈرز اور وارڈرز شامل ہیں۔ اس اقدام کا مقصد محکمے کی کارکردگی بہتر بنانا، عملے کے حوصلے بلند کرنا اور پیشہ ورانہ خدمات میں مزید بہتری لانا ہے۔
آئی جی سندھ پریزنز نے اس موقع پر کہا کہ بروقت اور میرٹ پر مبنی ترقی ہر اہلکار کا حق ہے، اور اس سے نہ صرف ادارے کی کارکردگی میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ نظم و ضبط اور انصاف کے اصول بھی مضبوط ہوتے ہیں۔
مزید برآں، محکمے میں معلومات اور فلاحی اقدامات کے ساتھ ساتھ سزاؤں اور اصلاحی سرگرمیوں کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔
