پنجاب کے میڈیکل اسٹورز پر جعلی اور غیرمعیاری ادویات کی فروخت کے بعد پنجاب ڈرگ کنٹرول بورڈ نے 5 ادویات سے متعلق الرٹ جاری کردیا۔
ٹیسٹنگ میں انکشاف ہوا کہ ادویات کے مخصوص بیچز جعلی اور غیرمعیاری نکلے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ ہڈیوں اور کیلشیم کے مخصوص ملٹی وٹامن جعلی نکلے، اسلام آباد کی فارماسوٹیکل کمپنی کی جعلی ملٹی وٹامنزکی میڈیکل اسٹورز میں فروخت ہورہی ہے۔
ڈرگ کنٹرول بورڈ کے مطابق کھانسی کا معروف سیرپ غیرمعیاری اور ملاوٹ شدہ نکلا، اس کے علاوہ درد کا مخصوص انجیکشن بھی غیرمعیاری نکلا، انجیکشن میں ذرات کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔
ڈرگ کنٹرول بورڈ کی رپورٹ کے مطابق درد کا انجیکشن لاہور جب کہ کھانسی کا سیرپ کراچی میں تیار کیا گیا۔
اس کے علاوہ جانوروں کے استعمال ہونے والے دو انجیکشنز بھی غیرمعیاری پائے گئے، ادویات میں اصل اجزا کی مقدار معیار کے مطابق نہیں پائی گئی، جانوروں کی ادویات لاہور اور کراچی کی فارماسوٹیکل کمپنیوں نے تیار کیں۔
دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب نے ادویات کو میڈیکل اسٹورز سے فوری واپس منگوانے کا حکم دے دیا۔
