سڈنی: آسٹریلوی مڈل ڈسٹنس رنر نتاشا وارڈ 21 برس کی عمر میں اچانک انتقال کر گئی ہیں۔ ایتھلیٹکس نیو ساؤتھ ویلز اور سدرلینڈ ڈسٹرکٹ ایتھلیٹکس کلب نے ایک مشترکہ بیان میں ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔
کلب کی جانب سے جاری کردہ بیان میں نتاشا وارڈ کو ایک باصلاحیت ایتھلیٹ اور کمیونٹی کا انتہائی مقبول فرد قرار دیا گیا۔ ساتھی کھلاڑیوں نے انہیں ایک محنتی، پرعزم اور دوسروں کا خیال رکھنے والی کھلاڑی کے طور پر یاد کیا جو ہمیشہ ٹیم کے لیے رضاکارانہ طور پر آگے رہتی تھیں۔
نتاشا وارڈ نے سڈنی کی میک کوয়ারی یونیورسٹی (Macquarie University) سے ایکسرسائز اینڈ اسپورٹس سائنس میں تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے میدان میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے اپریل 2026 میں یو ایسپورٹ نیشنلز میں خواتین کی 800 میٹر دوڑ میں برانز میڈل جیتا تھا، جو ان کی حالیہ بڑی کامیابیوں میں شامل ہے۔ اس کے علاوہ وہ 2024 کی آسٹریلوی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں بھی حصہ لے چکی تھیں۔
اگرچہ حکام کی جانب سے ان کی موت کی وجہ ظاہر نہیں کی گئی، تاہم کھیلوں کی دنیا میں صدمے کی لہر دوڑ گئی ہے اور سوشل میڈیا پر ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں کی جانب سے گہرے دکھ کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ایتھلیٹکس حکام کا کہنا ہے کہ ان کی یاد میں تعزیتی تقریبات منعقد کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
