بگ بیش لیگ کے پہلے کوالیفائر میں بابر اعظم کا آؤٹ ہونا میچ کا سب سے زیادہ زیرِ بحث لمحہ بن گیا۔
یہ واقعہ پرتھ میں کھیلے گئے میچ کے دوران پیش آیا جب سڈنی سکسرز 148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میدان میں اتری۔ بابر اعظم اننگز کی دوسری ہی گیند پر کوپر کونولی کی بال پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں اسٹمپ آؤٹ ہوگئے۔
بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی، جس میں وکٹ کیپر کے اسٹمپ گرانے اور بابر اعظم کے پیر کے کریز میں پہنچنے کا فیصلہ نہایت قریب دکھائی دیا۔ تھرڈ امپائر نے ویڈیو دیکھنے کے بعد بابر اعظم کو آؤٹ قرار دیا۔
اس فیصلے پر سوشل میڈیا صارفین کی رائے منقسم نظر آئی۔ کچھ افراد نے فیصلے کو درست قرار دیا جبکہ دیگر کا کہنا تھا کہ بابر اعظم ناٹ آؤٹ تھے۔
ابتدائی وکٹ گرنے کے بعد سڈنی سکسرز کی ٹیم سنبھل نہ سکی اور 148 رنز کے تعاقب میں پوری ٹیم 99 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ اس طرح ٹیم کو 48 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
واضح رہے کہ گزشتہ میچ میں اسٹیو اسمتھ کی جانب سے بابر اعظم کے لیے سنگل لینے سے انکار پر بابر اعظم ناخوش دکھائی دیے تھے، جس کے فوراً بعد وہ آؤٹ ہوگئے تھے۔
اس میچ میں بھی بابر اعظم صرف سات گیندوں پر ایک رن بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے تھے۔
