لاہور میں حکومتِ پنجاب کی جانب سے چیف منسٹر ایڈلٹ کارڈیک سرجری پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا، جس کے تحت دل کے مریضوں کو مفت علاج اور سرجری کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
پروگرام کے تحت پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں پہلے مریض کی کامیاب اوپن ہارٹ سرجری بھی مکمل کر لی گئی ہے، اس وقت پنجاب میں 8 ہزار سے زائد مریض دل کے آپریشن کے منتظر ہیں۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ سرکاری اسپتالوں میں اضافی اوقات میں ہنگامی سرجریز کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ نجی اسپتالوں کو بھی اس پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے 6 سے 7 ماہ کے اندر ویٹنگ لسٹ ختم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے، جبکہ پہلے مرحلے میں انتہائی تشویشناک مریضوں کی سرجری کی جائے گی۔
صوبائی وزیر صحت کے مطابق ہر مریض کے لیے سالانہ 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی، اور دل کے تمام بڑے آپریشنز اس پروگرام میں شامل ہوں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس منصوبے کے لیے 3 ارب روپے سے زائد فنڈ مختص کیا گیا ہے، جبکہ پیچیدہ کیسز کے لیے خصوصی ریزرو فنڈ بھی قائم کیا گیا ہے، نجی اسپتالوں کو مریضوں کی ریفرل ملٹی ڈسپلنری ٹیم کی منظوری سے دی جائے گی۔
