چین کے صوبے ہینان میں 15 سالہ لڑکی کے معدے سے سرجری کے ذریعے 2 کلوگرام وزنی بالوں کا گچھا نکال لیا گیا۔ لڑکی گزشتہ 6 سال سے اپنے بال کھانے کی عادت میں مبتلا تھی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق متاثرہ لڑکی "نی نی” کو مسلسل پیٹ درد اور کھانا کھانے میں دشواری کا سامنا تھا، جب کہ ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد انکشاف کیا کہ اس کے معدے میں بالوں اور کھانے کے ذرات سے بنا ایک بڑا گولا تقریباً پورے معدے میں پھیل چکا ہے۔
سرجری کے دوران معلوم ہوا کہ مریضہ کا معدہ عام سائز سے دگنا پھول چکا ہے، تاہم کامیاب آپریشن کے بعد 5 دن میں وہ دوبارہ صحتیاب ہوگئی اور معمول کے مطابق کھانا پینا شروع کردیا۔
ماہرین نے وضاحت کی کہ یہ بیماری ٹرائیکوفگیا (Trichophagia) کہلاتی ہے، جس میں مریض بال یا دیگر غیر غذائی اشیا کھانے لگتے ہیں۔ والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر بچے ایک ماہ سے زائد غیر غذائی اشیا کھانے کی عادت ترک نہ کریں تو فوری طبی مشورہ حاصل کریں۔
