تھرپارکر کے ضلعی ہیڈکوارٹر مٹھی کے اسپتال میں گزشتہ تین ہفتوں میں غذائی قلت اور مختلف امراض کے باعث 46 معصوم بچے دم توڑ گئے جب کہ 70 بچے اب بھی زیر علاج ہیں۔
ایم ایس سول اسپتال مٹھی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جاں بحق ہونے والے 3 بچوں کی عمریں ایک سال سے کم تھیں، سردی اور غذائی قلت کے باعث یہ بچے پیدائشی طور پر کم وزن اور مختلف بیماریوں کا شکار تھے جو دوران علاج جانبر نہ ہوسکے۔
اُن کا کہنا تھا کہ بچوں کے وارڈ میں گنجائش 70 بچوں کی ہے جب کہ اس وقت سردی اور دیگر امراض میں مبتلا 76 بچے زیر علاج ہیں۔
علاوہ ازیں بیمار بچوں کے والدین کا کہنا ہے کہ اسپتال کے بچوں کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں طبی سہولیات کا شدید فقدان ہے۔
