اسلام آباد — جمعیت علمائے اسلام (ف) نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حکومتی آئینی ترمیمی بل کی حمایت پر سینیٹر احمد خان کو پارٹی سے خارج کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر جاری اعلامیے کے مطابق، یہ فیصلہ سینیٹ میں جے یو آئی (ف) کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر مولانا عطا الرحمٰن اور صوبائی امیر بلوچستان سینیٹر مولانا عبدالواسع کی سفارش پر کیا گیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ مرکزی جماعت نے سینیٹر احمد خان کو فوری طور پر سینیٹ کی نشست سے مستعفی ہونے کی ہدایت دی ہے۔
مزید کہا گیا کہ اگر انہوں نے استعفیٰ نہ دیا تو جمعیت علمائے اسلام (ف) ان کی رکنیت ختم کرنے کے لیے الیکشن کمیشن سے رجوع کرے گی۔
