سال 2025 کی آخری قومی انسدادِ پولیو مہم کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی۔ مہم کے دوران 4 کروڑ 46 لاکھ بچوں کی ویکسینیشن کی گئی۔
نیشنل ای او سی کے مطابق سال 2025 کی آخری قومی انسدادِ پولیو مہم کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی۔ ملک بھر میں 15 سے 21 دسمبر تک جاری رہنے والی اس مہم کے دوران 4 کروڑ 46 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسینیشن مکمل کی گئی۔
نیشنل ای او سی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں تقریباً 2 کروڑ 29 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔ سندھ میں تقریباً ایک کروڑ 6 لاکھ بچوں، کے پی میں 71 لاکھ 57 ہزار سے زائد جب کہ بلوچستان میں 25 لاکھ 83 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 4 لاکھ 50 ہزار سے زائد بچوں، گلگت بلتستان میں تقریباً 2 لاکھ 74 ہزار، آزاد جموں و کشمیر میں 7 لاکھ 14 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔
نیشنل ای او سی کا کہنا ہے کہ پولیو مہم کی کامیابی پر والدین، سول انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیو ورکرز کے شکر گزار ہیں۔ مہم میں خدمات انجام دینے والے پولیو ورکرز اور سیکیورٹی اہلکار ہی قوم کے حقیقی ہیروز ہیں۔
