اکتوبر 27، 2025
ویب ڈیسک
2 اگست 2027 کو دنیا بھر کے لوگ صدی کے طویل ترین مکمل سورج گرہن کا مشاہدہ کریں گے، جسے ماہرینِ فلکیات نے "گریٹ نارتھ افریقن ایکلیپس” کا نام دیا ہے۔ یہ نایاب فلکی مظہر شمالی افریقہ، جنوبی یورپ اور مشرقِ وسطیٰ کے کئی حصوں کو 6 منٹ 23 سیکنڈ تک اندھیرے میں ڈبو دے گا—جو اس صدی میں زمین پر ہونے والے تمام سورج گرہنوں سے زیادہ طویل ہوگا۔
اس دوران چاند سورج کو مکمل طور پر ڈھانپ لے گا، اور سورج کا درخشاں ہالہ (کورونا) لاکھوں ناظرین کے سامنے ظاہر ہوگا۔ ماہرین کے مطابق یہ واقعہ ماہرینِ فلکیات اور عام شائقین دونوں کے لیے ایک نادر موقع ہوگا۔
یہ سورج گرہن اسپین، مراکش، الجزائر، تیونس، لیبیا، مصر، سعودی عرب اور یمن کے علاقوں سے گزرے گا۔ مصر کا شہر "لکسر” اس گرہن کا سب سے خوبصورت منظر پیش کرے گا، جہاں دنیا بھر سے سائنس دان اور سیاح بڑی تعداد میں آنے کی توقع ہے۔
ماہرینِ فلکیات اس موقع پر سورج کے بیرونی ماحول کا مشاہدہ کرنے کی تیاری کر رہے ہیں تاکہ سورج کی حرکیات اور خلائی مظاہر کے بارے میں نئی معلومات حاصل کی جا سکیں۔
