اداکارہ زارا نور عباس نے خواتین سے اپیل کی ہے کہ وہ خوبصورتی میں اضافے اور ہمیشہ جوان نظر آنے کے لیے ادویات کا استعمال ترک کریں، کیونکہ یہ عمل نہ صرف غیر فطری ہے بلکہ صحت کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق، زارا نور عباس نے انسٹاگرام پوسٹ میں کہا کہ "عمر کا بڑھنا قدرتی عمل ہے، اور بڑھاپا کوئی طعنہ نہیں بلکہ ایک خوبصورت حقیقت ہے جسے خوشی سے اپنانا چاہیے۔”
انہوں نے واضح طور پر کہا کہ خوبصورتی وقتی ہوتی ہے اور خواتین کو چاہیے کہ وہ ذہانت، اعتماد اور فطری شخصیت پر توجہ دیں، نہ کہ چہرے کو بدلنے والی ادویات پر۔
زارا نے خبردار کیا کہ جوانی برقرار رکھنے کی دوائیں ایک نشے کی طرح لت بن سکتی ہیں، جس کے خطرناک اثرات ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی دوائیں نہ صرف جسمانی بلکہ نفسیاتی طور پر بھی نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حال ہی میں بھارتی اداکارہ شیفالی جریوالا کی اچانک موت کی خبر آئی، جس کا سبب مبینہ طور پر اینٹی ایجنگ دواؤں کے مضر اثرات بتائے گئے۔
