پاکستانی اداکارہ انوشے عباسی نے اپنی ذاتی زندگی کے اہم راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کی اپنے شوہر اینان عارف سے طلاق 2019 میں ہی ہو گئی تھی، تاہم انہوں نے اسے عوامی سطح پر ظاہر نہیں کیا۔
انوشے عباسی، جنہیں ڈرامہ پیارے افضل میں شاندار اداکاری سے شہرت ملی، نے 2014 میں اداکار اینان عارف سے شادی کی تھی۔ اداکارہ کے مطابق ان کی شادی محض پانچ سال ہی قائم رہ سکی۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ طلاق کو چھپانے کی وجہ ان کی والدہ کی بیماری تھی۔ انوشے نے کہا کہ وہ نہیں چاہتی تھیں کہ لوگ ان کی والدہ سے اس معاملے پر سوال کریں اور انہیں مزید ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑے۔ ’’میں اپنی ماں کو بیمار رہتے ہوئے پریشان نہیں کرنا چاہتی تھی، اسی لیے یہ خبر میڈیا سے دور رکھی،‘‘ انہوں نے کہا۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ اپنی والدہ کے 2021 میں انتقال کے بعد انہوں نے اس معاملے پر کھل کر بات کرنے کا فیصلہ کیا۔ ان کے والد 2012 میں انتقال کر گئے تھے اور والدین کی وفات کے بعد تمام بہن بھائی مزید قریب ہو گئے تاکہ اپنے والدین کی خواہش کو پورا کر سکیں۔
انوشے عباسی کا کہنا ہے کہ اب وہ اس حقیقت کے ساتھ سمجھوتہ کر چکی ہیں اور اپنی پیشہ ورانہ زندگی پر پوری توجہ مرکوز کر رہی ہیں۔
