چنئی – تامل فلم انڈسٹری کی اداکارہ اور فیشن ڈیزائنر شالنی نے اپنے طلاق کا اعلان ایک منفرد اور علامتی فوٹو شوٹ کے ذریعے کیا، جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
تصاویر میں شالنی کو سرخ لباس زیب تن کیے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جہاں وہ اپنی شادی کی تصویر پھاڑتی ہوئی نظر آتی ہیں۔ انہوں نے اس لمحے کو ناکامی کے بجائے ایک نئے آغاز کے طور پر پیش کیا۔ اداکارہ کے اس اقدام پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملے جلے ردِعمل سامنے آئے ہیں، کچھ نے ان کی جرات کو سراہا جبکہ کئی افراد نے تنقید بھی کی۔
اس موقع پر شالنی نے ان خواتین کے لیے پیغام دیا جو شادی شدہ زندگی میں مسائل کا سامنا کرنے کے باوجود بولنے سے کتراتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ناخوشگوار رشتہ ختم کرنا ناکامی نہیں بلکہ ایک مثبت اور بہتر مستقبل کی طرف قدم ہے۔
شالنی نے 2020 میں ریاض نامی شخص سے شادی کی تھی اور ان کی ایک بیٹی بھی ہے۔ اداکارہ نے شوہر پر ذہنی اور جسمانی تشدد کے الزامات عائد کیے تھے جس کے بعد دونوں میں علیحدگی ہوگئی۔
طلاق کے موقع کو فوٹو شوٹ کے ذریعے منانے کا ان کا یہ فیصلہ معاشرتی روایات کو چیلنج کرنے اور طلاق کے تصور کو نئے زاویے سے پیش کرنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
